گھبرائیں مت۔۔خود کو خوش رکھیں۔۔سب ٹھیک ہو جائیگا۔۔ذہنی دباؤ کی شکار ہانیہ کے مشورے

لندن(شو بز ڈیسک)پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ شوخ و چنچل اداکارہ ہانیہ عامر نے انکشاف کیا ہے کہ وہ آج کل ذہنی تناؤ سے گزر رہی ہیں۔ اداکارہ ان دنوں لندن میں موجود ہیں اور ہانیہ عامر نے اپنے سوشل اکاؤنٹ انسٹاگرام پر اپنی تصویر کے ساتھ ایک طویل پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے اپنے ذہنی تناؤ کا شکار ہونے کے حوالے تفصیل سے آگاہ کیا۔

ہانیہ نے ذہنی تناؤ کو حقیقی اور سنگین مسئلہ قرار دیا بلکہ اس سلسلے میں کسی کی مدد لینے میں شرم محسوس نہ کرنے کی بھی تلقین کی۔ شیئر کردہ طویل نوٹ میں ہانیہ نے لکھا کہ "ان دنوں میں اچھا محسوس نہیں کر رہی۔ طبیعت ٹھیک نہیں ہے، کچھ دن مصروفیت میں اچھے گزر جاتے ہیں اور پھر وہی اداسی کے سائے لہراتے رہتے ہیں، اگرچہ میں ان حالات سے ذاتی طور پر نمٹ سکتی ہوں لیکن مجھے ایسا لگتا ہے کہ اسے اپنے چاہنے والوں ک’ ساتھ شیئر کرنا ضروری ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ میرے حوالے سے فکر کی کوئی بات نہیں, میں صحت کی بہتری کی ہر ممکن کوشش

کر رہی ہوں, میں صرف آپ کو یہ بتانا چاہتی تھی کہ گھبرائیں مت اور پریشان و غمگین مت ہوں اگر آج آپ کے برے دن ہیں, یہ کل بہترین ہوجائیں گے, میں جانتی ہوں،سمجھ سکتی ہوں کہ کبھی کبھی انسان بالکل مایوس ہوجاتا ہے ، ایسا محسوس ہونے لگتا ہے کہ زندگی میں صرف اندھیرا ہے مگر صرف آپ خود اپنے آپ کو اس مایوسی سے نکال سکتے ہیں,خود کو خوش رکھیں ۔ اس بات کو سمجھیں کہ اس سلسلے میں آپ کو کسی سے بات کرنے اور کسی کی مدد لینے کی ضرورت ہے, اپنے آس پاس کے لوگوں سے مدد طلب کریں اور کسی پیشہ ور معالج سے رابطہ کریں,دماغی صحت کے بارے میں بات کرنے یا مدد مانگنے میں کوئی شرم محسوس نہ کریں۔ہانیہ کا مزید کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ میری طرح آپ میں سے کئی لوگ اس سے گزر رہیں ہوں گے,یہ میرا تجربہ رہا ہے کہ جب آپ خود سے محبت کرکے اپنا خیال رکھنا شروع کردیتے ہیں تو حالات معمول پر آجاتے ہیں ، چیزیں ٹھیک ہوجاتی ہیں۔

اداکارہ نے مداحوں کو یقین دلایا کہ وہ بہت جلد ایک بار پھر سے اچھا اور بہتر محسوس کرنے لگیں گی لیکن تب تک وہ اس کا ناٹک نہیں کرسکتیں اور نہ ہی مداحوں کو ایسا کرنا چاہئے۔ہانیہ نے ذہنی صحت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مداحوں کو تاکید بھی کہ یاد رکھیں ، دماغی صحت بھی اتنی ہی اہم ہے جتنی کہ جسمانی صحت ، اور اس پر بحث کرنا طاقت کی علامت ہے ، کمزوری نہیں,جب آپ کو ضرورت ہو تو براہ کرم مدد طلب کریں۔ آپ اس میں اکیلے نہیں ہیں، مجھے یقین ہے کہ میری طرح آپ میں سے بہت سے لوگ اس مرحلے سے گزر چکے ہیں اور جب آپ خود کو تھوڑا آرام دیتے ہیں تو یہ ٹھیک بھی ہو جاتا ہے، امید ہے کہ ان شاء اللہ میں جلد بہتر محسوس کروں گی۔