بے توقیری قبول نہیں۔۔شیر افضل مروت کا موجودہ پارٹی قیادت کیساتھ کام نہ کرنے کا اعلان

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریکِ انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے موجودہ پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ کام نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ شبلی فراز کے مطابق ن لیگ نے کہا ہے کہ شیر افضل مروت کا نام چیئرمین پی اے سی کے لئے دیا گیا، جو ہمیں قبول نہیں، مجھے نہ عہدوں کا کوئی لالچ ہے نہ مجھے بے توقیری قبول ہے، پارٹی کی آفیشل میڈیا ٹیم میرے خلاف ہے، بانی نے مجھے پولیٹیکل کمیٹی کا ممبر بنایا تھا لیکن پولیٹیکل کمیٹی میں ووٹنگ کر کے مجھے ہٹایا گیا۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ بانی کا اشارہ ہو تو میں قومی اسمبلی کی سیٹ سے بھی استعفا دیتا ہوں، میں بطور احتجاج شبلی فراز اور عمر ایوب کے ساتھ کام کرنے سے انکار کرتا ہوں۔
ان کا کہنا ہے کہ میں جا رہا ہوں اور بانی پی ٹی آئی سے اس وقت ملاقات کے لئے جاﺅں گا جب بلایا جا ئے گا، میں بانی پی ٹی آئی کا سپاہی ہوں اور ان کی رہائی کے لئے اس قافلے میں شامل تھا۔شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ میں جس ایجنڈے کے لئے نکلا تھا وہ ایجنڈا آج ختم ہو گیا، ہر معاملے پر بانی پی ٹی آئی کو گمراہ کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ اپنے بیان دے دیں پھر میں ان کا کچا چٹھا کھولوں گا، میں تو الیکشن بھی لڑنا نہیں چاہتا تھا، بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر لڑا۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ کل کی طرح آج بھی میری ملاقات نہیں کرائی گئی، میرا بانی پی ٹی آئی سے ملنا ضروری تھا، عمر ایوب اور شبلی فراز نے بانی پی ٹی آئی سے مجھے نہیں ملنے دیا۔شیر افضل مروت نے کہا کہ پی ٹی آئی کو میں نے اس وقت اٹھایا جب یہ مردہ گھوڑا بن گئی تھی، میں بانی کے لئے کبھی مشکلات پیدا نہیں کروں گا، 8 فروری سے مجھے ٹارگٹ کیا جا رہا ہے، اس صورتِ حال سے بانی کوآگاہ کیا تھا۔این اے 4 سوات سے سہیل سلطان اور پی کے 10 سوات سے محمد نعیم خان شیر افضل مروت کے ساتھ موجود تھے، شیر افضل مروت نے پارٹی کے خلاف بات کی تو دونوں رہنما میڈیا ٹاک چھوڑ کر چلے گئے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ امریکی سفیر سے ملاقات سے متعلق جو بانی پی ٹی آئی کو بتایا گیا اس کی تحقیقات کی جائے، جیل کے اندر جھوٹی خبریں پہنچانا بہت آسان ہے، یہ میرے لیڈر نہیں ہیں، قوم یہ دیکھے کہ کل 9 مئی پر ملک گیر احتجاج ہوتا ہے یا نہیں۔