تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں ۔۔وزیر اعظم کا ملک بھر میں ایجوکیشن ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ۔پاکستان میں 2 کروڑ 60 لاکھ بچوں کا اسکول نہ جانا بڑا چیلنج ہے، قائدا عظم نے فرمایا تھا قوم کے لئے تعلیم زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔
اسلام آباد میں تعلیمی قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ اسٹنٹنگ ایک بہت بڑا مسئلہ ہے پاکستان کا، مالی وسائل تعلیم کے فروغ کے لئے ضروری ہے اور اس کا مسئلہ بھی درپیش ہے لیکن سب سے بڑا چیلنج ان اہداف کو حاصل کرنے کے لئے حوصلے کا ہونا ہے۔وزیر اعظم نے بتایا کہ پاکستان ایک جوہری ملک ہے، ہم بیرونی دباو¿ کے باوجود جوہری ملک بنے، دہشت گردی ملک کے لئے بڑا چیلنج ہے، قوم نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں 80 ہزار جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر موڑنے کے لیے کئی موقع سامنے آئے ہیں، کسی بھی قوم کی ترقی تعلیم سے جڑی ہے۔
شہباز شریف نے بتایا کہ ہم نے پنجاب میں 2008 سے 2018کے دوران جبری مشقت کاخاتمہ کیا اور بچوں سے مشقت کرانے والے والدین کو تعلیم کے لئے رقم دی، ساتھ ہی ہم نے محنت سے 10 ہزار اسکولوں کو اپ گریڈ کیا گیا اور ان کے تعلیمی معیار کو بہتر کیا گیا، دانش اسکولوں کے بارے میں سب جانتے ہیں کہ وہاں غریب بچے تعلیم حاصل کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بات میں پوائنٹ اسکورنگ کے لیے نہیں کر رہا، ہم لازمی 2 کروڑ 60 لاکھ بچوں کو اسکول میں داخلہ کرائیں گے، میں پاکستان میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کرتا ہوں، میں تمام وزرائے اعلی سے ملوں گا، تعلیم کے کردار نہیں بن سکتا، تعلیم کے بغیر انڈسٹری نہیں چل سکتی۔