پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کی حکومتی پالیسی مسترد ۔۔ڈیلرز کا احتجاج شروع

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)آئل ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کے حکومتی پالیسی کومسترد کرتے ہوئے فیصلے پر نظرثانی نہ کئے جانے کی صورت میں احتجاج کی دھمکی دی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم ڈیلرز نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین سے متعلق نئے فارمولے کے خلاف احتجاج کا آغاز کردیا ہے۔چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن عبد السمیع خان کا کہنا تھا کہ آئل ڈیلرز نے احتجاج کا آغاز کردیا ہے، پالیسی پر نظر ثانی نہ کی تو ہڑتال تک جائیں گے۔پیٹرولیم ڈیلرز کے نزدیک نئے فارمولے سے ہر شہر میں پیٹرول کی پرائس الگ ہوگی جس کا نقصان عوام کو برداشت کرنا ہوگا۔ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنما وسیم قادری کا کہنا تھا کہ سب شہروں میں پرائس میں فرق آجائے کراچی میں الگ اور جگہ الگ ریٹ ہوں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ہی یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور تیل کی مصنوعات کی اسمگلنگ پر آئل انڈسٹری کی شکایات کے تناظر میں حکومت نے عوامی تنقید کا رخ آئل مارکیٹنگ کمپنیز (او ایم سیز) کی جانب موڑنے کے لئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کے عمل کو تیز کردیا۔پیٹرولیم ڈویژن نے ایک ہدایت میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) سے کہا تھا کہ وہ تین روز میں پیٹرولیم مصنوعات کی ڈی ریگولیشن پر تجزیہ اور مضمرات پر ایک پریزنٹیشن پیش کرے۔کہا گیا کہ اس پریزنٹیشن میں ان کنٹری فریٹ ایکویلائزیشن مارجنز (آئی ایف ای ایم) اور دیگر متعلقہ پہلوؤں کا احاطہ ہونا چاہئے۔
دوسری جانب تیل کی صنعت بھی حکومت پر تنقید کر رہی تھی کہ وہ سستے اور غیرمعیاری تیل کی بڑے پیمانے پر بالخصوص ایران سے اسمگلنگ روکنے کے لئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کر رہی۔اسمگلنگ سے ریگولیٹڈ آئل انڈسٹری کے مارکیٹ شیئر اور منافع کو متاثر کرتی ہے جبکہ اس سے حکومت کو 230 ارب روپے سے زائد کا سالانہ خسارہ ہوتا ہے۔