صورتحال بتدریج بہتر ہورہی ہے لیکن سب ٹھیک نہیں۔۔شہباز شریف

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مارچ کے مہینے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی ( آئی ٹی) برآمدات سب سے زیادہ رہیں۔ معیشت کی کشتی یکسوئیت کے ساتھ کنارے لگے گی۔

کابینہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چند روز قبل پاکستان کی معاشی ترقی کے حوالے سے ایک رپورٹ شائع ہوئی جس میں معاشی اعشاریے بہتر بتائے گئے، ہماری ایکسپورٹس میں بھی اضافہ ہوا، دو مہینے میں ہم نے مل کے جو اجتماعی کاوشیں کی ہیں تو اس سے الحمد اللہ صورتحال بتدریج بہتر ہورہی ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ سب ٹھیک ہے۔انہوں نے بتایا کہ ابھی ہمیں اور محنت کی ضرورت ہے، ہمارا اصلاحات اور ری اسٹرکچرنگ کا جو ایجنڈا ہے، ان کے جڑوں میں جو بیماری ہے اس کا خاتمہ اینٹی بایوٹک سے نہیں ہوگا بلکہ سرجیکل آپریشن سے ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ کل میں نے توانائی کے شعبے کا اسٹرکچرل ریویو چار اقساط میں مکمل کرلیا اور فیصلے کیے ہیں، بجلی چوری میں کمی کے حوالے سے، ٹرانسمیشن سسٹم کو مضبوط کرنے اور بجلی سستی کرنے کے لیے اور ڈسکوز کے حوالے سے بھی ہم نے اصولی فیصلہ کیا ہے، اب اسے خصوصی سرمایہ کاری کونسل اور کابینہ میں لے کر آئیں گے۔

 

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس کے ذمہ داران کے احتساب کے لئے کمیٹی بنا دی گئی ہے اور اربوں کھربوں کی آمدن کو مکمل طور پر برباد کردیا گیا۔ایف بی آر کے اربوں روپے خزانے میں ضرور آئیں گے، یہ نا آئے تو ہمارا حکومت کرنے کا حق نہیں۔

صدرمسلم لیگ (ن) نے کہا کہ جو ٹیکس نہیں دیتے ان کو انہوں نے اور چھوٹ دی، معاہدے میں اس حوالے سے کوئی پینلٹی تک نہیں، یہ 2019 میں ایک ایسی حکومت کے دور میں ہوا جس نے پورے پاکستان میں سب کو لیبل لگادیا تھا اور خود کو دودھ کے نہائے دھلے سمجھتے تھے، یہ اس حکومت کا ریکارڈ ہے جو ناجانے کہاں سر ساف اور کہاں سے شفاف چلی تھی، میں آپ کو بتا رہا ہوں کہ تمباکو آرگنائزڈ سیکٹر ہے۔