سیمنٹ فیکٹری پر حملہ۔۔ فورسز پر فائرنگ۔۔2ایف سی جوانوں سمیت 4 افراد شہید

لکی مروت(مانیٹرنگ ڈیسک) نامعلوم افراد نے رات گئے لکی مروت میں لکی سیمنٹ فیکٹری پر حملہ کردیا۔ فائرنگ سے ایک سکیورٹی گارڈ شہید ہوا جبکہ حملہ آوروں نے 5 کو یرغمال بنا لیا گیا ادھر ضلع کرم میں فائرنگ سے 2 ایف سی اہلکارشہیداورایک شہری جاں بحق ہوگیا۔
اطلاعات کے مطابق رات گئے نامعلوم افراد نے لکی سیمنٹ فیکٹری پر حملہ کردیا۔حملے میں ایک سکیورٹی گارڈ شہید ہو گیا۔پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے 5 ا سکیورٹی گارڈز کو یرغمال بنایا اور بعد میں ان یرغمالی سکیورٹی گارڈز کو چھوڑ دیا۔ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ دوسری جانب ضلع کرم میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے،پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقہ متا سنگر میں مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کے دوران فائرنگ کی گئی۔ایف سی اہلکار گھر کی تلاشی کو پہنچے تو گھر میں مسلح افراد نے ایف سی پر فائرنگ شروع کردی ، فائرنگ کے نتیجے میں دو ایف سی اہلکار شہید ہوگئے۔ حملے کے بعد ایف سی اہلکاروں نے بھی جوابی کاروائی کی ،فائرنگ کے تبادلے میں ایک مقامی نوجوان بھی فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوگیا ۔