سپریم کورٹ کا ملک بھر سے سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے تجاوزات ختم کرنے کا حکم

کراچی (سٹاف رپورٹر)سپریم کورٹ نے ملک بھر سے سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے تجاوزات ختم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔سپریم کورٹ کراچی رجسٹری نے کراچی تجاوزات کیس کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔
حکمنامے کی کاپی اٹارنی جنرل، تمام ایڈووکیٹ جنرلز اور تمام سرکاری اداروں کو بھیجنے کا حکم دیا گیا ہے۔پیمرا کو اس ضمن میں پبلک سروس میسج شائع اور نشر کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ کے حکمنامے کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتیں 3 دن میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں سے تجاوزات ختم کریں۔
علاوہ ازیں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے 5 دن میں 46 کیسز نمٹا دیئے۔22 تا 26 اپریل 49 کیسز سپریم کورٹ رجسٹری میں سماعت کے لئے مقرر تھے ۔نمٹائے گئے کیسز میں سے بیشتر 15 سال سے سپریم کورٹ میں زیر التوا تھے۔