رضوان کا بیٹنگ آرڈر۔۔ مینجمنٹ اور کپتان میں اختلاف

لاہور(سپورٹس ڈیسک)قومی کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ اور کپتان بابر اعظم محمد رضوان کے بیٹنگ آرڈر پر متفق نہیں ہو سکے۔ مینجمنٹ ایک بارپھر محمد رضوان کابیٹنگ آرڈر تبدیل کرناچاہتی ہے۔، ٹیم مینجمنٹ رضوان کی جگہ عثمان خان یا فخر زمان کو نمبر 3 پر کھلانا چاہتی ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ کے بیشتر ارکان رضوان کو ٹی ٹونٹی میں 4 نمبرپربیٹنگ کراناچاہتے ہیں لیکن کپتان بابراعظم رضوان کو نمبر 4 پر کھلانے کے حق میں نہیں ہیں۔ بابر اعظم محمد رضوان کو اوپنر کی حیثیت سے کھلانا چاہتے ہیں ،بابر کی رائے ہے کہ اگر صائم ایوب بطور اوپنر ناکام ہوئے ہیں تو رضوان ہی اوپن کریں، جب کہ رضوان بھی ذاتی طور پربھی نمبر4 پر کھیلنا نہیں چاہتے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان ٹی ٹونٹی میں بطور اوپنرہی کھیلناچاہتے ہیں، بطور اوپنر پرفارمنس کے باوجود نئے نمبر کی تجویز پر رضوان کو تشویش ہے۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق محمد رضوان کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بقیہ میچز میں شرکت مشکوک ہے، رضوان کو ٹانگ میں تکلیف ہے اور انہیں آرام کی ضرورت ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ اسکین رپورٹ کی روشنی میں فیصلہ کرے گی، محمد رضوان کوتیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں زیادہ تکلیف ہوئی۔