حالیہ پابندیوں کے باوجود امریکا اور پاکستان کے درمیان کوئی اختلاف نہیں۔۔تعاون جاری رہے گا۔۔امریکا

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی محکمہ خارجہ نے واضح طور پر اعلان کیا ہے کہ پاکستان کو مبینہ طور پر میزائل کے پرزے فراہم کرنے والی کمپنیوں پر عائد حالیہ پابندیوں کے باوجود امریکا اور پاکستان کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے پرنسپل نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے نیوز بریفنگ کے دوران پاکستان کو مبینہ طور پر میزائل کے پرزے فراہم کرنے والی کمپنیوں پر عائد حالیہ پابندیوں سے پیدا ہونے والے ممکنہ تناؤ کے بارے میں خدشات کو دور کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں ہمارے سب سے اہم شراکت داروں میں سے ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتِ پاکستان کے ساتھ بالخصوص سکیورٹی اور تجارتی شعبے پر امریکا تعاون جاری رہے گا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستانی وزیر خزانہ گزشتہ ہفتے واشنگٹن میں تھے اور انہوں نے امریکی محکمہ خارجہ کے ارکان سے مشاورت کی تھی، انہوں نے مزید کہا دونوں ممالک کا رشتہ مضبوط ہے اور ہم اسے مزید مضبوط بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے جوبائیڈن انتظامیہ نے پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام میں مبینہ تعاون پر 4 کمپنیوں پرپابندی عائد کردی تھی بعدازاں پاکستان نے اسے مسترد کردیا تھا۔ویدانت پٹیل نے بریفنگ کے دوران واضح کیا کہ یہ پابندیاں اس لئے لگائی گئی ہیں کیونکہ یہ ادارے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں اور ان کی ترسیل کے ذرائع تھے۔انہوں نے اعلان کیا تھا کہ ہم بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے نیٹ ورکس اور ہتھیاروں کی خریداری کی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے۔