آڈیو لیکس کیس۔۔۔ جسٹس بابر ستار سماعت سے معذرت کرلیں۔۔ پیمرا ، پی ٹی اے، ایف آئی اے اور آئی بی کی درخواست

اسلام آباد(دن نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار کی عدالت میں زیر سماعت آڈیو لیک کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پیمرا ، پی ٹی اے، ایف آئی اے اور آئی بی نے متفرق درخواست دائر کردی۔ چار اداروں نے متفرق درخواست دائر کرتے ہوئے مو¿قف اپنایا ہے کہ اس نوعیت کی درخواست پر دوسرا بنچ پہلے ہی فیصلہ کرچکا ہے۔
متفرق درخواست میں کہا گیا کہ اختلافی فیصلے سے بچنے کے لئے بشری بی بی اور نجم الثاقب کی درخواستوں پر سماعت کرنے والے جسٹس بابر ستار کیس سے الگ ہو جائیں اور اس مقدمے کی سماعت وہی بنچ آگے بڑھائے جو پہلے اسی نوعیت کی دوسری درخواست پر 2021 میں فیصلہ کرچکا ہے۔
درخواست میں مو¿قف اپنایا گیا ہے اس سے قبل جسٹس محسن اختر کیانی 2021 میں اسی نوعیت کے ایک دوسرے کیس کا فیصلہ کر چکے ہیں۔ اس لیے اب اختلافی فیصلے سے بچنے کے لئے اور انصاف کا تقاضا بھی یہی ہے بشریٰ بی بی اور نجم الثاقب کی درخواستوں پر سماعت کرنے والے جسٹس بابر ستار اس مقدمے کی سماعت سے معذرت کر لیں۔درخواست میں بتایا گیا ہے کہ چیئرمین پیمرا متعدد بار عدالت میں پیش ہوچکے ہیں مگر تاحال مقدمہ زیر سماعت ہے۔
واضح رہے کہ بشریٰ بی بی نے اپنے وکیل سردار لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ کیساتھ لیک ہونے والی آڈیو کو چیلنج کررکھا ہے جبکہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے صاحب زادے نجم الثاقب نے آڈیو لیک پر بننے والی پارلیمانی کمیٹی میں طلبی کا نوٹیفکیشن چیلنج کررکھا ہے۔
آڈیو لیک کیس 29 اپریل کو سماعت کے لئے مقرر ہے۔جسٹس بابر ستار دونوں درخواستوں کو یکجا کرکے سماعت کررہے ہیں۔