9 مئی کرنے اور کروانے والوں کو جلد سزا دیں۔۔انتشاری ٹولے سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔۔ترجمان فوج

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)ترجمان پاک فوج میجر جنرل احمد شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی فوج نہیں بلکہ پورے پاکستان کے عوام کا مقدمہ ہے، 9 مئی کرنے اور کروانے والوں کو ا¿ئین کے مطابق سزا دینی پڑے گی۔ انہیں سزا نہ دی گئی تو ملک میں کسی کی جان مال آبرو محفوظ نہیں رہے گی، سزا و جزا کے نظام پر یقین برقرار رکھنے کےلئے انہیں سزا دیں اور جلد از جلد دیں ۔انتشاری ٹولے سے کوئی بات چیت نہیں ہوسکتی، اس کےلئے صرف ایک ہی رستہ ہے کہ صدق دل سے معافی مانگے، نفرت کی سیاست چھوڑنے کا وعدہ کرے، تعمیری سیاست میں حصہ لے۔
پا ک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چودھری نے راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل کمیشن اس پر بنتا ہے جس کے بارے میں کوئی ابہام ہو، یہاں تو سب کچھ واضح ہے، سچ کھل کر سامنے آگیا تو فالس فلیگ آپریشن کا پروپیگنڈا کیا گیا، ہم 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن کے لئے تیار ہیں بنائیں جوڈیشل کمیشن، لیکن پھر پوری تہہ تک جائیں۔
انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن اس بات کا بھی احاطہ کرے کہ 2014 کے دھرنے کے مقاصد کیا تھے، پارلیمنٹ پی ٹی وی حملے کا جائزہ لے، کس طرح لوگوں کو ریاست کے خلاف کھڑے ہونے کی ہمت دی گئی کہ سول نافرمانی کریں، بجلی بلز جلائیں، کے پی سے اسلام آباد پر دھاوا بولا گیا، آئی ایم ایف کو خط لکھے گئے، پاکستان کو پیسے نہ دینے کے لئے لابنگ کی گئی، کہاں سے فنڈنگ ہو ہی تھی، سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف کون نفرت پھیلا رہا تھا۔
احمد شریف نے کہا کہ سب نے اپنی آنکھوں سے اس واقعے کو ہوتے دیکھا، کس طرح لوگوں کی ذہن سازی کی گئی، فوج اور اس کی قیادت کے خلاف لوگوں کے ذہن بنائے گئے، سیاسی رہنماو¿ں نے چن چن کر بتایاکہ یہاں حملہ کرو، عوام اورفوج میں نفرت پیدا کرنے والوں کو کیفر کردار تک نہ پہنچایا جائے تو نظام انصاف پر سوال اٹھتے ہیں۔
میجر جنرل احمد شریف نے کہا کہ 8 فروری کو عام انتخابات میں ٹرن آو¿ٹ 47 فیصد تھا، ساڑھے 6 کروڑ لوگوں نے ووٹ دیا، مخصوص پارٹی کو ایک کروڑ 85 لاکھ ووٹ ملے ، جبکہ باقی ووٹ دیگر سیاسی جماعتوں کو ملے، کل ووٹوں کا صرف 31 فیصد ایک مخصوص پارٹی کو ملا، باقی 70 فیصد ووٹ ان کے بیانیہ کو نہیں ملا، اکثریت دوسری طرف ہے، جبکہ مجموعی آبادی کے حساب سے صرف 7.5 فیصد لوگوں نے اس جماعت کو ووٹ دیا، 93 فیصد آبادی ان کے بیانیہ کے ساتھ نہیں کھڑی ہوئی، ہمیں یقین ہے کہ اسے ملنے والے ووٹ کا مقصد بھی یہ نہیں کہ یہ ووٹ 9 مئی کے حق میں اور فوج کے خلاف تھا۔

 

ترجمان فوج نے کہا کہ ٹھوس شواہد موجود ہیں ٹی ٹی پی پاکستان میں دہشت گردی کیلئے افغان سرزمین استعمال کررہی ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے جواب میں افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پنا گاہوں کے خلاف کارروائی کی، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کی سرکوبی کے لئے ہر حد تک جائیں گے ، فوج کی اولین ترجیح ملک میں امن قائم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بشام میں چینی انجینئرز پر خود کش حملے کی کڑیاں بھی سرحد پار سے ملتی ہیں، اس حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں کی گئی، دہشتگردوں اور سہولت کاروں کا افغانستان سے کنٹرول کیا جارہا تھا، پاکستان میں دہشت گرد حملوں کا مقصد معاشی ترقی کو نقصان پہنچانا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گوادر پورٹ اتھارٹی کالونی پر حملے کو فوجی جوانوں نے ناکام بنایا، 8 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، دہشت گردی کی ناکام کارروائیاں ثبوت ہیں کہ فورسز دشمن کے عزائم کو ناکام بنا رہی ہیں۔
انہوں نے کہاطویل عرصے سے افغان مہاجرین کی مدد کررہا ہے، پاکستان نے افغان عبوری حکومت کی بین الاقوامی سطح پر ہر طرح سے مدد کی ہے، افغانستان کی سرزمین ٹی ٹی پی کے دہشت گرد استعمال کرکے پاکستان میں کارروائیاں کرتے ہیں۔ ٹی ٹی پی کے دہشتگرد پاکستان میں بدامنی پھیلانے کیلئے افغانستان کی سرزمین استعمال کررہے ہیں اس کے واضح شواہد موجود ہیں۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ 5 لاکھ سے زائد افغان شہری واپس جاچکے ہیں لیکن لاکھوں افغان شہری اب بھی پاکستان میں موجود ہیں، افغان شہریوں سے ملکی معیشت پر بوجھ پڑ رہا تھا اور امن و امان کی صورتحال خراب ہورہی تھی جبکہ بلوچستان میں دہشت گرد امن و امان کی صورتحال خراب کر رہے ہیں، افواج پاکستان دہشت گردوں کے سامنے دیوار بنی ہوئی ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ شمالی وزیرستان کی چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے میں جوان شہید ہوئے، ناکام دہشت گردکارروائیاں ثبوت ہے کہ سکیورٹی فورسزدشمن کے عزائم ناکام بنا رہی ہیں، 26 مارچ کو ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا اس کی کڑیاں افغانستان سے ملتی ہیں ، داسو ڈیم حملے کی منصوبہ بندی افغانستان سے کی گئی، داسو ڈیم حملے کا خود کش حملہ آور افغان تھا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بشام حملے کی منصوبہ بندی بھی افغانستان میں کی گئی، تربت میں ہونے والے دہشت گرد واقعے میں 1پاکستانی فوج کا جوان اور 4دہشتگرد ہلاک ہوئے، بلوچستان کے علاقے ضلع پشین میں بھی 3دہشتگرد جہنم واصل کئے گئے، حالیہ حملوں میں ملوث دہشت گرد افغان شہری ہیں، دہشتگردوں کو کٹہرے میں لانے کے لئے اقدامات کیے جارہے ہیں، آرمی چیف کئی بار کہہ چکے ہیں پاکستان میں دہشت گردوں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کررہا ہے، بھارتی ایجنسیوں نے پاکستان میں 2 شہریوں کو قتل کیا، پاکستان دہشت گردی کے نیٹ ورک کو ختم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑےگا،بھارتی فوج مقبوضہ کشمیرمیں بےگناہ کشمیریوں کوشہید کررہی ہیں، بھارتی ایجنسیاں پاکستانیوں کے قتل میں ملوث ہے۔ بھارتی فوج ایل او سی پرمعصوم شہریوں کونشانہ بناتی ہے، اسے منہ توڑ جواب دیا ہے اور دیتے رہیں گے۔ میجر جنرل احمد شریف چودھری نے پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف طویل جنگ لڑی ہے ، اس دہشت گردی کی جنگ میں ہمارے جوان،بڑی تعداد میں شہری شہید ہوئے، خطے میں امن کیلئے پاکستان کا کردار اہم رہا ہے ۔
میجر جنرل احمد شریف نے زور دیا کہ لاپتہ افراد کے مسئلے کو بڑھاچڑھا کر پیش کیا جاتا ہے، ملوث افراد کے تانے بانے بیرون ملک سے ملتے ہیں، پاکستان میں دہشت گردوں کیلئے کوئی جگہ نہیں، انہیں کٹہرے میں لانے کے لئے اقدامات کر رہے ہیں۔