یوکرینی صدر کو قتل کرنے کی سازش ناکام۔۔ 2 کرنل گرفتار

کیف (فارن ڈیسک)یوکرینی صدر ولودیمر زیلنسکی اور دیگر اعلیٰ فوجی عہدیداروں کو قتل کرنے کی سازش ناکام ہوگئی۔ منصوبہ بندی عین موقع پر پکڑی گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قتل کی یہ سازش روس یا کسی اور دشمن ملک میں نہیں بلکہ یوکرین میں ہی صدر سمیت اعلیٰ حکام کی سکیورٹی کو یقینی بنانے والے اسٹیٹ گارڈز کے دو کرنل کررہے تھے۔

یوکرین کے سکیورٹی سروسز کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ صدر ولودیمر زیلنسکی اور دیگر اعلیٰ فوجی افسروں کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والے دو کرنل رینک کے اسٹیٹ گارڈز سمیت پورے نیٹ ورک کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گرفتار ہونے والے دونوں افسر فروری 2022 میں شروع ہونے والی روس جنگ سے پہلے بھرتی ہوئے تھے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان دونوں افسر کو ایسے کسی شخص کو تلاش کرنا تھا جو صدر کی سکیورٹی پر مامور ہو اور صدر کو یرغمال بناکر قتل کرسکے۔ روس کی جانب سے اس سلسلے میں ابھی خاموشی ہے۔