ہم مدد نہیں بھائی چارہ چاہتے ہیں ۔۔سرمایہ کاری کانفرنس سے مصدق ملک کا خطاب

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ ہم پاکستان سے ریڈ ٹیپ کو ختم کر دیں گے۔ہم مدد نہیں بھائی چارہ چاہتے ہیں، ترقی ، کاروباز، روزگار سب چاہتے ہیں۔
اسلام باد میںسعودی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے کہا کہ نا صرف ہم حکومت کے معاملات حکومت ساتھ طے کر کے سرمایہ کاری کروائیں گے لیکن ہمارا اصل مقصد ہے کہ پاکستان کے سرمایہ کار نا صرف پاکستان کی ترقی میں حصہ ڈالیں بلکہ سعودی عرب میں بھی کام کریں، اس طرح دو راستوں کا تعین کیا گیا ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ پہلا راستہ ہے کہ اس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کےلئے ایک سرکار کا دوسری سرکار سے کیا ناطہ ہونا چاہئے، ہمارا سعودی عرب سے قومی سطح پر 70 سالہ پرانا رشتہ ہے مگر تاریخی طور پر 1400 سال پرانا ہے، ہمارے کاروبار کو آگے بڑھانے کے لئے سعودی کمپنیوں کا پاکستانی کمپنیوں سے اشتراک ضروری ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمارا یہ سب کرنے کا مقصد نیا خاکہ تشکیل دینا ہے، ایک مایوسی جو ہے کہ ملک میں کچھ نہیں ہوسکتا تو ایسا نہیں ہے، ہمیں یہ نا امیدی ختم کرنی ہے، ہمیں ایک نئی منزل کی طرف دیکھنا ہے، ہمیں ایک ایسا معاشرہ بنانا ہے جہاں ہمارے بچے بچیوں کے آنکھوں میں ترقی کی امید ہوگی۔