پی ایس ایل فلاپ رہی، بہتر کئے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے،عاقب جاوید

لاہور(سپورٹس رپورٹر) سابق کرکٹر عاقب جاوید نے سپرلیگ کو فلاپ شو قرار دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ ایونٹ میں کچھ بھی قابل تعریف نہیں تھا جب کہ کرکٹ اور پچز کا معیار بھی اچھا نہیں رہا، کوئی نوجوان کرکٹر بھی اْبھر کر سامنے نہیں آیا۔

ایک ویب سائٹ کو خصوصی انٹرویو میں عاقب جاوید نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل9 میں اس بار کچھ بھی ایسا نہیں دکھائی دیا جس کی تعریف ہو سکے، معیاری کرکٹ کی کمی رہی، پچز کا معیار بھی اچھا نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ تماشائیوں کی شمولیت میں اضافہ نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی ایسا نوجوان اْبھر کر سامنے نہیں آیا جسے نویں ایڈیشن کی دریافت کہا جاسکے، چند کھلاڑیوں نے کچھ بہتر پرفارم ضرور کیا لیکن تسلسل کا فقدان رہا، اس برانڈ کو مزید بہتر کرنے پر توجہ دینا ہوگی، اس میں بہت بہتری کی گنجائش موجود ہے، شائقین کی دلچسپی بڑھائے بغیر ہم آگے نہیں جاسکتے۔

عاقب جاوید نے لاہور قلندرز کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہ ہونے کی بڑی وجہ اہم پلیئرز کی انجریز اور عدم دستیابی کو ٹھہرایا، انھوں نے کہا کہ آخری پوزیشن پر رہنا اس ٹیم کیلیے افسوسناک بات ہے جو2 سال چیمپئن رہی، ہمیں راشد خان کی خدمات حاصل نہیں تھیں،ڈیوڈ ویزا کو بھی فٹنس مسائل رہے، فیلڈنگ غیر معیاری رہی، کھلاڑی توقعات کے مطابق پرفارم نہ کرسکے