پاکستان سرمایہ کاری کیلئے انتہائی موزوں ملک ۔۔شراکت داری بلندیوں تک لے جائیں گے۔۔ سعودی وزیر

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)تین روزہ سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستان آنے والے سعودی نائب وزیر برائے سرمایہ کاری ابراہیم بن یوسف المبارک نے کہا ہے سعودی عرب پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط دیکھنا چاہتا ہے، سعودی سرمایہ کار پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
پیر کو اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ابراہیم بن یوسف المبارک نے کہا کہ ہم پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان نجی و سرکاری شعبے میں شراکت دار کو بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں پاکستانی سعودی عرب کی ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں اور سعودی عرب پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے انتہائی موزوں ملک سمجھتا ہے۔
ابراہیم بن یوسف المبارک کا کہنا تھا انہوں نے کہا کہ پاکستان آکر خوشی محسوس کر رہا ہوں، ہمارا دورہ پاکستان گزشتہ دورے کی کڑی ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بہت سی اقدار مشترک ہیں۔سعودی وزیر کا کہنا تھا سعودی حکومت اور کمپنیاں سرمایہ کاری کیلئے پاکستان کو ترجیح دے رہی ہیں، ہماری کوشش ہے کہ دونوں ممالک کی تجارت ایک دوسرے سے منسلک ہو، یہ دورہ دونوں ممالک کی درمیان تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کا مواقع فراہم کرےگا۔
ابراہیم بن یوسف المبارک کا کہنا تھا ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے کمرشل سرمایہ کاری ایک مضبوط ذریعہ ہے، دونوں ممالک کے درمیان نجی و سرکاری شعبے میں شراکت دار کو بلندیوں تک لے جانا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کا 50 رکنی وفد اتوار کوپاکستان پہنچا تھا،سعودی وفد میں 30سے زائد کمپنیوں کے سرمایہ کار شامل ہیں۔ سعودی وفد پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کرے گا اور پھر بعد ازاں پاکستان کا تجارتی وفد بھی سعودی عرب جائے گا۔ایئرپورٹ پر وفاقی وزرا مصدق ملک اور جام کمال نے سعودی وفدکا استقبال کیا۔سعودی وفد ولی عہد محمد بن سلمان کو دورے اور سرمایہ کاری سے متعلق بریفنگ دے گا۔