ٹیکس ادا نہ کرنیوالوں کیلئے بری خبر ۔۔موبائل سمیں بند کرنے کا فیصلہ۔۔ٹیلی کام کمپنیاں رضامند

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)ٹیکس ادا نہ کرنیوالوں کیلئے بری خبر آگئی۔ٹیلی کام کمپنیوں نے ایف بی آر کے مطالبے پر ملک بھر میں 5 لاکھ 6 ہزار سے زیادہ نان فائلرز کی موبائل سِمز بلاک کرنے پر رضامندی ظاہر کردی۔
نجی ٹی وی کے مطابق ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو یقین دہانی کرا دی گئی ہے کہ ایک سے ڈیڑھ ہفتے میں 5 لاکھ 6 ہزار سے زائد نان فائلرز کی موبائل سمز بلاک کردی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ سے ٹیلی کام کمپنیوں کے عہدے داروں نے ملاقات کی ہے، جس میں انہوں نے نان فائلرز کی موبائل فون سمز بلاک کرنے کی ہامی بھری اور کہا کہ آئندہ چند روز میں نان فائلرز کی سِمز بلاک کردی جائیں گی۔
ٹیلی کام کمپنیوں کے نمائندوں نے چیئرمین ایف بی آر کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کمپنیاں ملکی قوانین کی مکمل پاسداری کرتی ہیں۔ نان فائلرز کو انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کے پیغامات ارسال کئے جائیں گے، جس کے بعد ٹیکس گوشوارے جمع کروانے والے نان فائلرز کی ایف بی آر سے کلیئرنس کے بعد موبائل سمز بحال کردی جائیں گی۔واضح رہے کہ ایک دو روز قبل ٹیلی کام کمپنیوں کی طرف سے سمیں بند کرنے سے انکار کر دیا گیا تھا۔