متحدہ عرب امارات میں 16 سال کے بچوں کو امام مسجد بنانے کا اعلان

امارات(فارن ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے عصری تعلیم کے حوالے سے اہم اقدامات اٹھائے جانے کے بعد مذہبی تعلیم سے متعلق بھی اہم فیصلہ کیا ہے جس کے مطابق 16 سالہ بچوں کو امام مسجد بنانے کیلئے70مساجد منتخب کی گئی جہاں بچوں کو تربیت دی جائے گی۔ دبئی میں امام بننے کا شوق رکھنے والے بچوں کے حوالے سے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔

گزشتہ ماہ دبئی کے شہزادے شیخ حمدان بن محمد بن راشد المختوم کی جانب سے کم عمر بچوں کو امام بننے کے حوالے سے نئے پراجیکٹ امام الفارج کا اعلان کیا گیا تھا۔ اسلامک افیئرز اور چیرٹیبل ایکٹیوٹیز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل احمد درویش المحیری کی جانب سے کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد دبئی کی مساجد میں نوجوان امام کو لانا ہے ، امام الفارج پراجیکٹ کے تحت 16 سال سے 21 سال تک کے درمیان کے بچے چار ماہ کے عرصے میں ٹریننگ حاصل کریں گے، جنہیں بعد میں مختلف مساجد میں اہم ذمہ داریاں دی جائیں گی ۔دوران تربیت بچوں کو امامت نماز اور قرآن کے حوالے سے تعلیم دی جائے گی جبکہ حفظ قرآن بھی کرایا جائے گا۔