سعودی وفد کی تعریف سے دل باغ باغ ہوگیا۔۔شہباز شریف

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی وفد نے پاکستان کی مہمان نوازی کا کھلے دل سے اعتراف کیا۔ سعودی وفد کے سربراہ نے جس انداز میں پاکستانی حکام کی تعریف کی۔ اس سے دل باغ باغ ہوگیا، برادر ملک سعودی عرب کے وفد نے جس گرم جوشی کا مظاہرہ کیا وہ میرے لئے باعث فخر ہے۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے وفد نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا، سعودی وفد کے دورہ پاکستان کو کامیاب بنانے میں تمام متعلقہ وزرااور حکام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سعودی وفد نے بتایا کہ ہم خوشی کے ساتھ واپس جا رہے ہیں، جا کر بتائیں گے پاکستان میں ایک نیا دور دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی وفد اپنے دورے میں ہونے والی پیشرفت سے ولی عہد محمد بن سلمان کو آگاہ کرے گا۔ سعودی وفد نے مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کے حوالے سے وزراکی تیاری کی بے حد تعریف کی ۔