حسن اور حسین نواز کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے ایون فیلڈ، العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز میں حسن نواز اور حسین نواز کی بریت کی درخواستوں پر سماعت کی۔

حسن نواز اور حسین نواز کے وکیل قاضی مصباح ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

سابق وزیراعظم کے بیٹوں کے پلیڈر رانا عرفان بھی عدالت میں پیش ہوئے، اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر افضل قریشی، سہیل عارف اور عثمان مسعود عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

اس موقع پر نیب نے ریکارڈ جمع کروانے کیلئے وقت مانگا جس پر عدالت نے نیب کو 19 مارچ تک کا وقت دے دیا۔

دوران سماعت وکیل قاضی مصباح کی جانب سے حسن اور حسین نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی گئی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔

عدالت نے کیس بریت کی درخواست پر سماعت 19 مارچ تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم کے بیٹوں حسن نواز اور حسین نواز نے تین نیب ریفرنسز میں بریت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز احتساب عدالت اسلام آباد نے نواز شریف کے صاحبزادوں کے تین ریفرنسز پر اشتہاری کا سٹیٹس ختم کرتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے تھے اور 50 ہزار روپے مچلکوں کی عوض ضمانت بھی منظور کی تھی۔