توڑ پھوڑ کیس ۔۔ اعظم سواتی کو ریلیف مل گیا

اسلام آباد(دن نیوز) جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں انسداد دہشت گردی اسلام آباد کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی ضمانت کنفرم کر دی ہے جبکہ متنازع ٹوئٹس کیس میں بھی اعظم سواتی کی ضمانت میں توسیع ہو گئی۔
پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سِپرا نے کی۔
تفتیشی آفیسر نے عدالت کو بتایا کہ اعظم سواتی گاڑی میں موجود تھے تاہم فوٹیج میں کہیں نظر نہیں آئے، جس پر جج نے استفسار کیا ملزم گاڑی سے اترا یا نہیں؟ تفتیشی افسر نے بتایا سی سی ٹی وی فوٹیج میں اعظم سواتی نظر نہیں آئے۔
جج طاہر عباس سِپرا نے تفتیشی سے استفسار کیا کہ کیا آپ کو اعظم سواتی کی کسٹڈی چاہئے؟ جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ اعظم سواتی کی کسٹڈی درکار نہیں ہے۔تفتیشی افسر کے بیان کے بعد انسدادِ دہشتگردی عدالت نے اعظم سواتی کی ضمانت کنفرم کر دی۔
دوسری جانب اسپیشل ڈیوٹی جج سینٹرل اسلام آباد رخشندہ شاہین نے بھی متنازع ٹوئٹس کیس میں اعظم سواتی کی عبوری ضمانت میں 23 اپریل تک توسیع کر دی اور سماعت 23 اپریل تک ملتوی کر دی۔