آگ کا دریا عبور کیا تو وزیراعلیٰ کی کرسی ملی۔۔۔۔۔۔۔۔مریم نواز پولیس یونیفارم پہن کر پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی

لاہور (نمائندہ دن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کی کرسی اللہ تعالیٰ نے مجھے دی ہے اور مجھے آگ کا دریا عبور کرکے یہاں تک پہنچنا پڑا ہے۔ حالات نے میری ٹریننگ کی ہے اور یہ نہیں سننا پڑا کہ نوازشریف کی بیٹی ہوں اس لئے یہاں تک پہنچی ہوں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز یہاں پولیس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پریڈ میں پولیس یونیفارم پہن کر شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ خوشی ہوئی پولیس پاسنگ آؤٹ پریڈ میں 650 خواتین اہلکار شامل ہیں، پولیس میں خواتین اہلکاروں کو ڈیوٹی پر دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، آئی جی پنجاب سے کہا ہے کہ 7 ہزار خواتین پولیس اہلکار کم ہیں اس تعداد میں اضافہ ہونا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ آج پہلی بار پولیس یونیفارم پہنا تو اندازہ ہوا کہ یہ کتنی بڑی ذمے داری ہے، آپ کی ہمدردی مظلوم کیلئے ہونی چاہئے ظالم کے لئے نہیں۔مجھے خوشی ہوئی کہ آج پہلی خاتون پولیس اہلکار کو اعزازی شمشیر عطا کی گئی۔یہ خواتین گھر کی ذمے داریاں بھی ادا کرتی ہیں ۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھاکہ میرے دل میں انتقام کا جذبہ نہیں معاشرے میں انصاف قائم کرنا ضروری ہے، وزیراعلیٰ کی کرسی پر بیٹھ کر اگر کسی کے خلاف کوئی فیصلہ کرنا پڑتا ہے تو دل پر پتھر رکھ کر کرتی ہوں، انہوں نے مزید کہا کہ میں گھر جاتی ہوں تو اپنے والد کے ساتھ پورے دن کا احوال شیئر کرتی ہوں اور والد کے چہرے پر تشکر کے تاثردیکھتی ہوں تو لگتا ہے میری محنت کامیاب ہو گئی۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ مجھے احساس ہے کہ انصاف کرنا ہے اور 12 کروڑ افراد کی خدمت کرنی ہے۔